بھوک قاتل،وبال روٹی
بھوک قاتل ، وبال روٹی ہے
کب میسر یہ دال روٹی ہے
اس میں حل ہیں غریب کے آنسو
کیا یہ حاکم ! حلال روٹی ہے ؟
آپ کہتے ہیں عشق ہی ہے حیات
اور ہمارا خیال “روٹی” ہے
کارِ دنیا تمام مشکل ہیں
ان میں سب سے محال روٹی ہے
انکو باقی غموں سے کیا مطلب
جن کا دکھ اور ملال روٹی ہے
زندگی کے نصاب میں کومل
سب سے پہلا سوال روٹی ہے
کومل جوئیہ ✍️