لیڈر یا لیڈر شپ خصوصیات
اگر آپ اپنے گھر کے سربراہ ہیں، اسکول میں ٹیچر ہیں ، کسی ٹیم کے ساتھ کام کررہے ہیں یا ایسا ہی کوئی اور کام کررہے ہیں جہاں آپ باقی لوگوں کو لیڈ کرتے ہیں تو بطور سربراہ آپ میں وہ خاص بات ہونی چاہیے کہ لوگ آپ کو اس جگہ پر دل سے تسلیم کریں۔
بہت سے لوگ گھر میں سربراہ ہونے کے باوجود اپنے اندر وہ صلاحیت نہیں رکھتے کہ گھر والے انہیں سربراہ سمجھیں اسی وجہ سے اکثر دیکھا گیا ہے کہ ایسے سربراہ کی حیثیت نام کی رہ جاتی ہے اور گھر کے یا لوگوں کے ساتھ معاملات میں ان کی اولادوں کو اہمیت دی جانے لگتی ہے کیونکہ وہ اپنی بات واضح کرنے یا معاملات طے کرنے میں اپنے بڑوں سے زیادہ مناسب اور بہتر بات کررہے ہوتے ہیں۔
ایسے ہی جب آپ کسی بھی ٹیم کو لیڈ کررہے ہیں تو بطور لیڈر آپ کو اپنی ٹیم کو مطمئن کرنا ہے کہ آپ سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، سب کی سن کر انہیں اپنے جواب سے مطمئن کررہے ہیں اور ہر ایک کو برابر اہمیت دے رہے ہیں بجائے اس کے کہ بات بے بات آپ ان پر اس بات کا رعب جھاڑتے رہیں کہ آپ حرف آخر ہیں، سب سے آگے آپ اور باقی سب آپ کے پیچھے ہیں یا یہ کہ ان کی رائے کو رسمی جوابات سے ٹالنے کی کوشش کر کے یہ سمجھتے ہوں کہ ان کی بات سننے اور سمجھنے سے انہیں رسمی جواب دے کر خاموش کروانا زیادہ ضروری ہے۔
جب آپ ٹیچر ہیں تو یہ آپ کی زمہ داری ہے کہ اپنے اسٹوڈنٹس اور ان کے والدین کو اعتماد میں لیں۔ ان کا سلیبس مکمل کروائیں، ان کے ساتھ اپنا رویہ مناسب رکھیں اور اپنی طرف سے سو فیصد دیں۔ اگر آپ یہ سوچ لیں کہ مجھے میری تنخواہ مل گئی ہے اب میں پڑھاؤں یا جان چھڑاؤں فرق نہیں پڑتا یا اسٹوڈنٹس پر بے جا سختی کریں گے، تحقیر آمیز انداز میں ڈیل کرنے لگیں گے تو آپ بہت جلد ان کے دل سے اتر جائیں گے اور آپ کے مقابلے میں وہ ان استادوں کو زیادہ ترجیح دیں گے جو آپ سے زیادہ محبت لگن اور ذمہ داری سے اپنا کام کررہے ہیں۔
اگر آپ کسی ادارے کے سربراہ ہیں تو اس ادارے کے باقی لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا اور خود پر ان کا بھروسہ قائم کروانا یہ آپ کی ذمے داری ہے۔ یہ یقین آپ اپنے رویے، الفاظ اور ان کے ساتھ کام کے حوالے سے ہونے والے دیگر معاملات میں دلاتے ہیں۔
اگر آپ اپنے کام کرنے والوں کے ساتھ اکتائے ہوئے یا اکڑے ہوئے انداز میں رہتے ہیں ، وہ آپ سے بات کریں تو آپ کو لگتا ہے کیونکہ آپ سربراہ ہیں اس لیے ان کا بولنا ہمیشہ غلط ہے ان پر صرف سننا فرض ہے جس کے نتیجے میں کام کرنے والے کسی مجبوری میں بندھ کر آپ کے پاس رکے ہوئے ہیں ، ہر وقت انہیں یہ دھڑکا رہتا ہے کہ کسی بھی غلطی کی صورت میں باہر نکال دیا جائے گا، وہ بس موقع کی تاک میں ہیں کہ کب موقع ملے اور وہ آپ سے الگ ہو جائیں یا یہ کہ لوگ آپ کے ادارے یا کام سے متاثر ہو کر آپ کے پاس آتے تو بہت ہیں لیکن رکتے نہیں ہیں بلکہ کچھ عرصے میں ہی چھوڑ کر چلے جاتے ہیں تو یقین کریں کمی ان میں نہیں آپ میں ہے۔ اگر آپ ان کے لیے ایک بہتر آپشن ہوسکتے تو وہ آپ کے پاس آکر آپ کو چھوڑتے ہی کیوں؟
اگر آپ اپنے گھر کے سربراہ ہیں تو گھر والے خود اسے تسلیم کرتے ہیں، آپ کی ہر بات کو اہمیت دیتے ہیں اور آپ کے مشورے کے بغیر نہیں چلتے۔
اگر آپ اچھے ٹیچر ہیں تو بچے آپ کی کلاس میں آمد کا انتظار کرتے ہیں، آپ کا پڑھایا ہوا انہیں اچھی طرح سمجھ آتا ہے، آپ کو کلاس میں دیکھ کر انہیں خوشی ہوتی ہے اور وہ باقی سبجیکٹ کی نسبت آپ کے سبجیکٹ میں زیادہ نمبر لاتے ہیں۔
اگر آپ اچھے باس ہیں اور آپ میں ٹیم ورک کی صلاحیت ہے تو لوگ آپ کے ساتھ دیر تک کام کرنا چاہتے ہیں ، بطور باس آپ کے پاس جو قابلیت و اہلیت ہے اسے تسلیم کرتے ہیں اور مجبوری یا اسٹریس میں کام کرنے کے بجائے خوشی سے آپ کا ساتھ دیتے ہیں۔
لیکن اگر لوگ آپ کے پاس زیادہ دیر نہیں رکتے، آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں پھر ہر بار آپ کو ایسا لگتا ہے کہ آپ کو چھوڑ کر جانے والے میں، ٹیم ورک کی صلاحیت نہیں تھی، اس میں “میں” تھی ، اس میں ہی کوئی کمی تھی، وہ سنتا نہیں تھا تو ہمیشہ ہر بار ہر کوئی صرف سننے والا نہیں ہوسکتا نہ ہی آپ اپنے ساتھ کام کرنے والے کو خرید لیتے ہیں کہ وہ اپنی بات سامنے نہیں رکھ سکتا، کبھی کبھی دوسرے کو بھی انسان سمجھ کر سننے کی اہلیت ہونا غلط نہیں ہے لیکن اہم ضرور ہے۔
لیڈر ہونا اور لیڈرشپ کوالٹیز کا ہونا دو الگ چیزیں ہیں۔ اپنے اندر اہلیت ، قابلیت ، صلاحیت اور وہ خاص چیز پیدا کریں کہ آپ کو بار بار “میں نامہ” سنانے کی کی ضرورت نہ پڑے بار بار اپنی جگہ کے بارے میں دوسروں کو جتلانا اور بتانا نہ بڑے کہ:
میں گھر کا سربراہ ہوں
میں تمہارا بڑا ہوں
میں تمہارے لیے اہم ہوں
میں تمہارا ٹیچر ہوں
میں تمہارا لیڈر ہوں
صرف میں باس ہوں
بلکہ لوگ اس بات کو خود مانیں کہ آپ ہی اہم ہیں ، آپ ہی خاص ہیں، آپ ہی اس قابل ہیں کہ آپ کی ہی مانی جائے اگر یہ نہیں ہے تو دوسروں کی ذات پر انگلی اٹھانے کے بجائے پہلے خود پر توجہ دیں کہ آخر کمی کہاں ہے۔؟
ہیں کواکب کچھ نظر آتے ہیں کچھ
دیتے ہیں دھوکا یہ بازی گر کھلا
#صباایشل